کوٹری میں بزنس ٹرین کو حادثہ، ڈی ریل ہونے سے بچ گئی، چیچہ وطنی میں عوام ایکسپریس بڑے نقصان سے محفوظ رہی

کوٹری/ چیچہ وطنی (نامہ نگاران)  کراچی سے لاہور جانے  والی  بزنس ٹرین کو کوٹری میں حادثہ، ٹرین  ڈی ریل ہونے سی  بچ  گئی۔ دوسری طرف کراچی سے پشاور جانیوالی عوام ایکسپریس چیچہ وطنی کے قریب حادثے سے محفوظ رہی۔ جمعہ کی  رات  راولپنڈی  سے  کراچی آنے والی  تیز گام  ایکسپریس کا انجن کوٹری  اور  بھولاری  ریلوے اسٹیشن کے  قریب خراب  ہوگیا  تھا جس پر ٹرین کے  مسافر مشتعل  ہو گئے۔  انہوں نے قریب  ہی ریلوے  لائن بچھانے  کے لئے   استعمال ہونے  والے سلیپر  اور لوہے کی  ٹرالی اپ ٹریک پر  ڈال کر ٹریک کو بلاک کر دیا۔کراچی سے لاہور جانے والی بزنس ٹرین پہنچ گئی  ٹرین  ڈرائیور نے  ٹریک کو بلاک دیکھ کر ہنگامی  بریک لگائے،  اس کے باوجود ٹرین  تیز  رفتاری کے باعث  ٹریک  پر پڑی  ہوئی رکاوٹوں  سے ایک زوردار دھماکے کے ساتھ  ٹکرا  گئی  جس کے نتیجے میں  ٹرین  کے انجن کا کیپٹل گارڈ  فریم اور فیول ٹینک کو شدید نقصان پہنچا  اور  بڑی مقدار میں  ٹینک سے فیول بہنے  لگا۔کراچی سے دوسرا انجن منگوا کر تین گھنٹے کی تاخیر  کے بعد  ٹرین  کو منزل مقصود کی جانب  روانہ  کیا۔ دوسری طرف عوام ایکسپریس کراچی سے پشاور جا رہی تھی چیچہ وطنی سٹیشن کے قریب انجن کو ڈرائیور نے روک کر چلایا تو جھٹکا لگنے سے کمپلین ٹوٹ گئی جس سے انجن آگے نکل گیا اور بوگیاں پیچھے رہ گئیں جس پر مسافروں نے شور مچادیا اور ٹرین کو روک لیا گیا۔ اس طرح ٹرین خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ڈیڑھ گھنٹے بعد نئی ہک اور کمپلین ڈال کر ٹرین کو روانہ کیا گیا۔