ڈسکہ: شیر نے گاؤں میںگھس کر متعدد مویشی زخمی کر دئیے، علاقے میں خوف و ہراس

ڈسکہ  (آئی این پی) رات کی تاریکی میں گائوں میں شیر گھس آیا شیر نے متعدد مویشی زخمی کردئیے۔ علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ علاقہ مکین گھروں میں قید ہوکررہ گئے۔ تھانہ موترہ کے علاقہ کوٹ ماناں میں گزشتہ رات شیر گھس آیا اور اس نے رات کی تاریکی میں مختلف ڈیروں پر باندھے ہوئے مویشیوں کوکاٹ کر شدید زخمی کر دیا، صبح کے وقت جب گائوں کے لوگ اپنے ڈیروں پر جانے کیلئے نکلے تو انہوں نے شیر کو گائوں سے گزرتے ہوئے دیکھاگائوں کی تمام مسجدوں میں اعلان کردیاگیاکہ گائوں میں شیر گھس آیا ہے سبھی علاقہ مکین اپنے مال مویشی اور خود کو کسی محفوظ جگہ پر منتقل کر لیں، گائوں میں شیرآنے سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور گائوں کے سبھی لوگ بچے‘ بوڑھے‘ خواتین اپنے گھروں میں قید ہوکر رہ گئے۔ محکمہ وائلڈ لائف کا عملہ شیر کو پکڑنے کیلئے گائوں کوٹ ماناں پہنچ گیا تاحال محکمہ وائلڈ لائف والے شیر کو نہیں پکڑ سکے۔