میران شاہ‘ میر علی کا علاقہ کلیئر ہے تو حکومت نقل مکانی کرنیوالوں کی واپسی کا انتظام کرے: قبائلی جرگہ

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ میرانشاہ اور میرعلی کا علاقہ کلیئر کیا گیا ہے تو وہاں سے نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کیلئے حکومت انتظامات کرے۔ قبائلی عمائدین کا جرگہ باغ ناراں پشاور میں ہوا۔ جس میں داوڑ قبیلے کے عمائدین اور مشران شریک ہوئے۔ عمائدین نے کہا کہ میرعلی اور میرانشاہ میں ہماری جائیداد، دکانیں، مارکیٹس تباہ ہوگئی ہیں۔ہمارے جو اثاثے رہ گئے ہیں، انکے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ جرگہ نے متاثرین کو علاقے کی تعمیر نو اور بحالی کے کام میں بھی شریک کرنے کا مطالبہ کیا۔