جلالپور بھٹیاں : دیرینہ دشمنی پر تحریک منہاج القرآن کے ضلعی رہنما قتل، ساتھی زخمی

جلالپور بھٹیاں (نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی رہنما کو نامعلوم افراد نے دیرینہ دشمنی پر قتل کر دیا جبکہ اسکا ساتھی زخمی ہو  گیا۔ رپورٹ کے مطابق جلالپور بھٹیاں کے نواحی گائوں کوٹ محبت میں کئی سال قبل ایک زمیندار میاں ناصر عباس بھٹی کو ظفرعلی بھٹی وغیرہ نے جلالپوربھٹیاں میں پنڈی بھٹیاں روڈ پر فائرنگ کرکے قتل کیا جس میں اسی گائوں کا زمیندار اور تحریک منہاج القرآن کا ضلعی رہنماء میاں اسلم بھٹی چشم دید گواہ تھا۔ اسی رنج میں مخالفین نے کچھ عرصہ قبل اس پر فائرنگ بھی کی لیکن یہ بچ گیا لیکن آج نہ بچ سکا اور اتفاق کی بات ہے اسے بھی اسی جگہ قتل کیاگیا جہاں کئی سال قبل میاں ناصر عباس بھٹی کو قتل کیاگیا تھا۔یاد رہے اس دشمنی میں پہلے بھی ایک گواہ کو قتل کیاگیا اور ایک ملزم کو سزائے موت سنائی گئی۔ تھانہ جلالپوربھٹیاں پولیس نے کارروائی شروع کردی۔