نوائے وقت کے دیرینہ کارکن صادق علی المعروف ایس اے خان انتقال کرگئے

نوائے وقت کے  دیرینہ کارکن صادق علی المعروف ایس اے خان انتقال کرگئے

لاہور(نامہ نگار) نوائے وقت کے ہر دلعزیز دیرینہ کارکن آفس اسسٹنٹ صادق علی خان المعروف ایس اے خان گزشتہ روز انتقال کرگئے۔ مرحوم گذشتہ روز وقت ٹی وی کے این ایل ای توفیق کے ہمراہ موٹرسائیکل پر دفتر آرہے تھے کہ شمالی چھائونی کے علاقہ میں گول چکر پر ایک موٹرسائیکل رکشہ نے انہیں ٹکر مار دی جس سے ایس اے خان نیچے گرگئے تاہم پھر اٹھ کھڑے ہوئے جس کے بعد انہیں دل کی تکلیف ہوئی اور انہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے اور اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ مرحوم نے ادارہ نوائے وقت میں 25 سال خدمات سرانجام دیں اور ان کی عمر 79 برس تھی وہ نیشن اور وقت نیوز کے بانی کارکنوں میں سے تھے۔ مرحوم کا بیٹا حسن علی خان نجی ٹی وی سے وابستہ ہے جبکہ ان کے بھائی زاہد علی خان مقامی اخبار میں سینئر صحافی ہیں۔ مرحوم انتہائی شفیق اور نفیس شخصیت کے حامل اور دفتر میں بہت ہی ہردلعزیز تھے ان کی وفات پر نوائے وقت گروپ کے ملازمین نے انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر جبکہ مرحوم کے لیے بلند درجات کی دعا کی ہے۔ مرحوم کو نماز جنازہ کے بعد لاہور ائرپورٹ کے قریب بہار شاہ قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں زندگی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔