وہ لگی لپٹی باتوں کے قائل نہیں ہیں، لوگوں کی دہلیز پر فوری انصاف دینا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری

خبریں ماخذ  |  سٹی رپورٹر
وہ لگی لپٹی باتوں کے قائل نہیں ہیں، لوگوں کی دہلیز پر فوری انصاف دینا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان افتخار محمد چودھری



سرگودھا میں ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ وکلاء کی آج وہ عزت ہے جو پانچ سال پہلے نہیں تھی، وکلاء اور عوام کی کوششوں سے عدلیہ بحال ہوئی جس میں سرگودھا کے شاہینوں کا بھی اہم کردار ہے، اب بھرپور کوشش یہ ہونی چاہے کہ عام آدمی تک انصاف پہنچے۔ ماضی میں حکومتوں کو دو ڈھائی سال میں فارغ کر دیا جاتا تھا مگر وکلاء تحریک نے پیغام دیا کہ اب مارشل لاء لگے گا نہ ایمرجنسی نافذ کی جائےگی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں جوڈیشل افسران اہم کردار ادا کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں۔ چیف جسٹس نے والہانہ استقبال پر شہریوں، سول سوسائٹی اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل انہوں نے وکلاء چیمبر کمپلکس اور لائبریری ہال کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے ہمراہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عمر عطاء بندیال اور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس خواجہ امتیاز احمد بھی موجود تھے۔