مظفر آباد: نیلم جہلم منصوبہ کی سرنگ میں گیس دھماکہ،3 مزدور جاں بحق،2 چینی انیجنئرز سمیت18 زخمی

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) نیلم، جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کی سرنگ میں گیس کے دھماکہ سے 3 مزدور جاں بحق، 2 چینی انجینئرز سمیت 18زخمی ہو گئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس نے واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق رات کے وقت مجہوٹی کے مقام پر نیلم، جہلم ہائیڈل پراجیکٹ میں سرنگ کی کھدائی کے دوران اچانک قدرتی گیس کے اخراج کے باعث دھماکہ ہو گیا جس سے بھاری ملبہ گر پڑا جس کے نتیجہ میں 3 مزدور اسلم، راجہ عمر، زاہد مغل جاں بحق ہو گئے۔ تینوں کا تعلق گردونواح کے علاقوں سے تھا جبکہ چائنیز انجینئرز شی پائے اور مسٹر شانے سمیت 18افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی سرگرمیوں میں تمام دشواریوں اور رکاوٹوں کو دور کرکے ملبے سے نعشوں اور زخمیوں کو نکالا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کے ادارے موقع پر پہنچ گئے۔3 زخمیوں کی حالت تشویشناک بنائی جاتی ہے۔ زخمی مزدوروں میں شاکر، جمیل، ریاست، بشارت، سلیم، مقید، محسن، عرفان، منصور، محمد حسن، شاہد اسلم، رمضان اور دیگر شامل ہیں، نعشیں گھروں پر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔ ہسپتالوں میں زخمیوں کے ورثاء بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چودھری عبدالمجید نے نیلم جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر کام کے دوران ہونے والے جانی حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے اور محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمی ہونے والے محنت کشوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرے وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے کہاکہ نیلم جہلم منصوبہ ہمارا قومی منصوبہ ہے جس کی تکمیل کے لئے ہمارے محنت کش اور ہنر مند گراں قدر قربانیاں دے رہے ہیں ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں جاری قومی منصوبے دشمن کی نظر میں بُرح طرح کھٹک رہے ہیں مگر پاکستان اور آزادکشمیر حکومت اور عوام قومی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے۔ علاوہ ازیں واپڈا ترجمان کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی زیرتعمیر دائیں سرنگ میں چٹان پھٹنے سے حادثہ پیش آیا۔ حادثہ کے نتیجہ میں تین مقامی مزدور جاں بحق ہو گئے۔ سرنگ سے تمام کارکنوں کو نکال لیا گیا ہے۔ سرنگ میں گیس لیکج ہوئی اور نہ ہی سرنگ کا کوئی حصہ منہدم ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے ممکنہ حفاظتی اقدامات عمل میں لائے جائیں۔