کاہنہ: ڈاکٹر کی غفلت، دوران ڈلیوری خاتون بچی سمیت جاں بحق، اہل علاقہ کا مظاہرہ

کاہنہ (نامہ نگار) کاہنہ میں ڈاکٹر کی غفلت کی وجہ سے 5 بچوں کی ماں دوران ڈلیوری بچی سمیت ہلاک ہو گئی۔ اہل علاقہ نے کاچھا روڈ بلاک کر کے شدید مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق کاہنہ کی رہائشی وارث علی کی بیوی پروین اختر کو دوپہر کے وقت ڈلیوری کیلئے کاچھا روڈ پر واقع رحمان کلینک میں لایا گیا جہاں زیادہ خون بہنے سے بچی پیٹ میں ہی فوت ہو گئی۔ فوری طور پر ڈاکٹروں نے مریضہ کا آپریشن شروع کر دیا جس دوران پروین بی بی بھی جاں بحق ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق مریضہ کی کلینک آنے سے قبل ہی بلیڈنگ ہو چکی تھی جس کی وجہ سے ماں بیٹی کی موت واقع ہو گئی۔ مقامی پولیس کے مطابق تفتیش کی جا رہی ہے۔ اگر ڈاکٹر کی غفلت پائی گئی تو مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔