چوک سرور شہید: پولیس مقابلہ میں 3 ڈاکو ہلاک‘ 2 شہری زخمی

چوک سرور شہید‘ کوٹ ادو (نمائندوں سے) موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں کا پولیس سے مقابلہ‘ تینوں ڈاکو مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔ اس سلسلہ میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز پرائیویٹ سکول کے پرنسپل طارق چوک سرور شہید کی طرف آ رہے تھے راستے میں 3 مسلح ڈاکوؤں نے روک کر اسلحہ کے زور پر اسکی موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہونے لگے۔ شور و غل پر اہل علاقہ نے ڈاکوؤں کا پیچھا شروع کیا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی۔ اس دوران پولیس تھانہ چوک سرور شہید کو بھی اطلاع کردی گئی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیچھا کرنیوالے دو شہری بھی زخمی ہوئے تاہم اس دوران پولیس بھی پہنچ گئی اور ڈاکوؤں سے مقابلہ شروع کر دیا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک پولیس مقابلہ جاری رہا جس کے بعد تینوں ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ پولیس نے تینوں ڈاکوؤں کی نعشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال پہنچا دیں۔ ڈاکوؤں کی شناخت کی جا رہی ہے۔