چمن: سکریپ کے گودام میں دھماکہ، بچوں سمیت 6 افراد زخمی

چمن، مستونگ (اے پی پی) چمن میں سکریپ کے گودام میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے پانچ بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق اتوار کو چمن کے علاقے گھوڑا ہسپتال کے قریب سکریپ کے گودام میں افغانستان سے لائے گئے سکریپ میں موجود دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 5 بچوں سمیت 6 افراد سید علی، سردار محمد، حکمت اللہ، قدرت اللہ، رفیع اللہ اور عبداللہ زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں مستونگ میں آر سی پی شاہراہ پر ایف سی کیمپ کے قریب دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں سریاب روڈ پر نامعلوم افراد نے خنجروں سے وار کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا۔