سابق وفاقی وزیر حاجی سیف اللہ خان سپرد خاک، ایاز صادق، شہباز شریف کا اظہار تعزیت

فیروزہ+ لاہور (ثناء نیوز+ خبرنگار) آئینی امور کے ماہر و سابق وفاقی وزیر حاجی محمد سیف اللہ خان کی نماز جنازہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول اللہ آباد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ مرحوم کے بیٹے سابق نائب ناظم میاں صبغت اللہ خان نے پڑھائی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کو الٰہ آباد کے قدیمی قبرستان میں ان کی وصیت کے مطابق دربار سید مجروح غریب نواز میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے حاجی محمد  سیف اللہ خان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بھی حاجی سیف اﷲ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنی جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے۔