سرگودھا: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مزید 2 بچے جاں بحق، 7 کی حالت تشویشناک

سرگودھا (نامہ نگار) ڈی ایچ کیو ہسپتال کے نرسری وارڈ میں مزید 2 بچے دم توڑ گئے جبکہ 7 بچوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال میں گزشتہ روز مزید 2 بچے زندگی کی بازی ہارگئے۔ 19 نومبر سے اب تک آئی سی یو چلڈرن وارڈ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 80 تک جا پہنچی ہے۔ تاحال ہسپتال میں گیس کا کنکشن بھی بحال نہیں کیا جاسکا اور وزیراعلیٰ پنجاب اور سپریم کورٹ کے نوٹس لینے کے باوجود ہسپتال میں بدانتظامی اور طبی سہولتوں کا فقدان ابھی تک برقرار ہے۔ یاد رہے پانچ اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹیوں نے بچوں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار بدانتظامی اور ناکافی طبی سہولیات کو قرار دیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جو تاحال ممکن نہ ہوسکیں۔ اسوقت بھی نرسری وارڈ میں گنجائش سے زیادہ 30 بچے داخل ہیں جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔