وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹے میں 100 فیصد اضافے کی منظوری دیدی

پشاور(این این آئی)خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لئے مختص کوٹے میں سو فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔  صوبائی حکومت کے تحت سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص کوٹہ ڈیڑھ فیصد سے بڑھ کر تین فیصد ہو گیا۔ واضح رہے کہ پرویز خٹک نے برسراقتدار آتے ہی سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کیلئے مختص ایک فیصد کوٹے میں پچاس فیصد اضافہ کرکے ڈیڑھ فیصد کر دیا تھا جسے اب سو فیصد کردیا گیا وزیر اعلیٰ نے اقلیتوں سے متعلقہ دیگر اُمور کی انجام دہی کیلئے صوبے کے ہر ایک ضلع میں ایک مائنارٹی ویلفیئر آفیسر کی آسامی پیدا کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو سمری ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے یہ فیصلہ اُنہوں نے مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے ایک مشترکہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے تحریک انصاف کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی سردار سورن سنگھ کی قیادت میں اُن سے ملاقات کی اور صوبے میں اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل، اُن کی فلا ح و بہبود اور دیگر متعلقہ اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گزشتہ دنوں پشاور میں ہند و برادری سے تعلق رکھنے والی ایک نجی سکول ٹیچر سپنا رانی کے اغواء کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام کو مغویہ کی جلد بازیابی اور اغواء میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے موثر اقدامات کے احکامات جاری کئے۔