نئے سال پر دبئی میں ریکارڈ آتش بازی، نام گینز بک میں آنے کا امکان

نئے سال پر دبئی میں ریکارڈ آتش بازی، نام گینز بک میں آنے کا امکان

دبئی (نیوز ایجنسیاں) دبئی میں نئے سال کے آغاز کے موقع پر ریکارڈ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور چند سیکنڈ میں چار لاکھ سے زائد پٹاخے اورکریکر چھوڑے گئے، دبئی کا نام گینز بک میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔ دنیا کے سب سے طویل ٹاور برج خلیفہ سے لے کر انسانی ساختہ جزیروں تک کا تمام علاقہ جگمگا اٹھا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق متحدہ امارات کے حکام نے توقع ظاہر کی کہ وہ اس ریکارڈ آتش بازی سے گینز بْک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ پالیں گے اس سے پہلے یہ ریکارڈ کویت کے پاس ہے جہاں 2011ء میں 77282 پٹاخے چھوڑے گئے تھے،آتش بازی کا سب سے نمایاں مظاہرہ پرتعیش اٹلانٹس ہوٹل اور کھجور کی شکل کے تین جزیروں میں سے ایک جمائرہ میں کیا گیا۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں نئے سال کی آمد کی خوشی میں شاندار آتش بازی نے رات میں بھی دن کا سماں کردیا۔ لندن کے بیگ بین نے جیسے ہی 12 بجے کا گھنٹہ بجایا، آسمان پر رنگ اور روشنیوں کا سیلاب امڈ آیا۔ روسی دارالحکومت ماسکو کے ریڈ سکوائر پر بھی ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے کیلئے جمع ہوئے۔ یونان میں 12 بجتے ہی ایتھنز کی فضا آتش بازی کی روشنیوں سے جگمگا اٹھی۔ ہانگ کانگ ، شنگھائی اور دیگر شہروں میں سال نو کی آمد پر آتش بازی کے دلکش مظاہرے کئے گئے۔