پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن سے قبل دھاندلی میں مصروف ہے: کائرہ

لالہ موسیٰ (اے این این) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے  وزیراعظم نوازشریف اب اقتدار میں ہیں، مظلومیت کا رونا بند کرکے اپنی پالیسیوں سے عوامی خدمت کے دعوے ثابت کریں۔ ایک چیف انکی مرضی کا آگیا ہے، کل دوسرا بھی چلا جائیگا اور کیا رکاوٹ رہ گئی ہے۔ پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن سے قبل دھاندلی میں مصروف ہے۔ بغیر کسی ثبوت کے ووٹ دھڑا  دھڑ منتقل ہو رہے ہیں، حلقہ بندیوں میںبھی تماشا لگا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ڈیرہ کائرہ میں عوامی رابطہ آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  اس وقت ملک شدید مشکلات کا شکار ہے۔ مہنگائی میں روز افزوں اضافے نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ یہی صورتحال رہی تو ملک مزید ابتری کا شکار ہوگا، نوازشریف کو سمجھ لینا چاہیے  وہ اب اقتدار میں ہیں۔ اب عوام کی خدمت میں کون سی رکاوٹ رہ گئی ہے۔ نوازشریف اب ڈلیور کریں اور عوامی خدمت کے دعوے ثابت کرکے دکھائیں۔ پنجاب حکومت کو نظر آگیا ہے کہ پنجاب میں جماعتی بنیاد پر بلدیاتی الیکشن میں اسے عبرتناک شکست ہوگی اور لوگ انکے ٹکٹ بھی مسترد کردیں گے۔