اوکاڑہ: انگلینڈ سے آئے پادریوں پر شرابیوں کا حملہ، گاڑی جلانے کی کوشش

اوکاڑہ (نامہ نگار) انگلینڈ سے آئے پادریوں پر پانچ شرابیوں نے حملہ کرکے گاڑی نذر آتش کرنے کی کوشش کی۔ پادری دعائیہ تقریب کیلئے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے آئے پادری راجرفادر گل اور جیسکا راجر فیصل محمود کالونی اوکاڑہ میں بسلسلہ دعائیہ تقریب آئے تو گلی میں ملزم وسیم مسیح، نعیم مسیح وغیرہ پانچ افراد شراب کے نشے میں دھت ڈیک پر اونچی آواز میں گانے لگاکر غل غپاڑہ کر رہے تھے۔ ملزموں نے پادریوں کی گاڑی کو زبردستی روک لیا اور اُن پر اپنا دستی اسلحہ تان لیا محافظوں نے منع کیا تو ملزمان نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں اور گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی، پادریوں کے محافظ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پادریوں کو گاڑی سے نکال کر ایک قریبی مکان میں لے گئے اور پولیس کو اطلاع دے دی پولیس نے ملزموں کوگرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔