پنجاب بار کونسل نے آئندہ مکمل ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا

لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب بار کونسل نے آئندہ مکمل ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین طاہر نصراللہ وڑائچ کے مطابق اب ایسی پالیسی بنائی گئی ہے کہ آئندہ کم سے کم ہڑتال ہو گی۔ انہوں نے نئی پالیسی کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاملے کو متعلقہ ضلع کی سطح پر ہی حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ورنہ اس معاملے کو ڈویژنل سطح پر حل کروایا جائے گا تاکہ صوبے کی تمام عدالتوں میں ہڑتال کی کال نہ دینی پڑے۔ اس فیصلے کا مقصد سائلین کو ان کے مقدمات میں ہڑتال کے باعث ہونے والے نقصان سے بچانا ہے۔ بار کونسل کے ذرائع نے بتایا کہ نئی پالیسی بنانے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال نے وکلاء رہنماﺅں کی رہنمائی کی اور اس میں اہم کردار ادا کیا۔