مشرف نے لال مسجد آپریشن کرایا، کوئی رعایت نہیں کرنی چاہئے: سمیع الحق

حضرو (ثناءنیوز) متحدہ دینی محاذ اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے قائد مولانا سمیع الحق نے کہا ہے پرویز مشرف نے لال مسجدآپریشن کروایا، مسلمانوں پر مظالم ڈھائے، اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کرنی چاہیے، اسے ائیرپورٹ پر ہی گرفتارکر لینا چاہیے تھا،حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے پر خوشیاں منانے والے بھول رہے ہیں کہ ایک چورنے دوسرے چور کے ساتھ معاہدہ نبھایا ہے‘ عمران خان دوکشتیوں کا سوار ہے ایک طرف ڈرون حملوں اور امریکا کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے طالبان کے لیے حمایت ظاہرکرتا رہا ہے تو دوسری جانب اپنے جلسوں میں مخلوط رقص کو رواج دے رہا ہے، اس کی اسلام پسندی کی وجہ سے شروع میں ہم لوگ بھی اس کے قریب ہوئے ،نفاذ نظام ِاسلام کے لیے تمام دینی اور دائیں بازوکی جماعتوں کومتحد ہونا پڑے گا، موجودہ نظام غریب اور شریف لوگوں کو سامنے نہیں آنے دیتا اور اس کے تحفظ میں دائیں اور بائیں والے سبھی شامل ہیں، متحدہ دینی محاذ کی قیادت منور حسن کودینے کی پیش کش کی، وہ دارالعلوم اکوڑہ خٹک میں علماء سے گفتگو کر رہے تھے۔