خبردار! آج سیاہ چاند کی رات ہے لیکن پاکستان محفوظ رہے گا
کراچی: آج رات سیاہ چاند ہوگا لیکن یہ صرف امریکہ اور کینیڈا کے علاوہ براعظم شمالی امریکہ، جنوبی امریکہ اور مغربی نصف کرے کے دیگر ممالک ہی میں دیکھا جاسکے گا۔ اس سے پہلے سیاہ چاند مارچ 2014 میں واقع ہوا تھا۔گھبرائیے نہیں کیونکہ سیاہ چاند کا تعلق تِیرہ بختی اور بدقسمتی سے ہر گز نہیں اور نہ ہی یہ دنیا کے خاتمے کا اعلان ہے بلکہ یہ فلکیات کی ایک اصطلاح ہے جس سے مراد کسی ایک ہی شمسی مہینے (عیسوی مہینے یا کیلنڈر منتھ) کے دوران آنے والا دوسرا نیا چاند ہے۔ اس سال ستمبر کی بالکل ابتدائ میں ایک نیا چاند واقع ہوا تھا جبکہ آج یعنی 30 ستمبر 2016 کے روز دوسرے نئے چاند کی پیدائش کا موقعہ یعنی ’’سیاہ چاند‘‘ آرہا ہے۔البتہ جب سیاہ چاند یا ’’تاریک چاند‘‘ کا یہ واقعہ رونما ہوگا، اس وقت مغربی نصف کرے کے بیشتر ممالک میں سورج غروب ہوچکا ہوگا لیکن مشرقی نصف کرے میں یکم اکتوبر 2016 کا سورج طلوع ہوچکا ہوگا۔ واضح رہے کہ مشرقی نصف کرے میں پاکستان سمیت ایشیائ ، یورپ، آسٹریلیا اور افریقہ کے بیشتر ممالک شامل ہیں۔۔