مہمند ایجنسی: پشاور میں 4 دھماکے‘3 افراد جاں بحق‘ 5 اہلکار زخمی‘ نیٹو کنٹینر تباہ

پشاور/ مہمند ایجنسی (اے پی اے/ آئی این پی) مہمند ایجنسی اور پشاور میں 4دھماکوں کے دوران 3افراد جاں بحق جبکہ 5سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے، دھماکے میں ایک بچہ بھی زخمی ہوا جبکہ پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں پولیس موبائل پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں گاڑی تباہ ہوگئی تاہم اہلکار محفوظ رہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقہ کوز چمڑ کنڈ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں3 افراد جاں بحق جبکہ سکیورٹی اہلکار اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ واقعہ کے بعد سکےورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ لنڈی کوتل میں پاک افغان شاہراہ پر وقفے وقفے کے ساتھ دو دھماکے ہوئے۔ جس سے 4سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے، جمرود بائی پاس کے قریب نیٹو کے کنٹینر کو نشانہ بنایا گیا۔ ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں ایک مسافر وین جیسے ہی کوز چمرقند کے علاقے میں پہنچی تو سڑک کنارے نصب بارود کا دھماکہ ہو گیا۔ جس سے وین میں دو بھائی رحمت اور رحم داد موقع پر ہی جاں بحق اور مہمند رائفل کا سپاہی تاج زخمی ہو گیا۔ چارسدہ کی تحصیل شب قدر کے علاقے متہ مغول خیل میں بھی سڑک کے کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے رکشہ ڈراﺅری جاں بحق ہو گیا۔ پاک افغان شاہراہ پر لیویز کی گاڑی کو بھی ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔