مسائل کی ذمہ دار پی پی اور مسلم لیگ (ن) ہیں، عوام مسترد کر دینگے: عمران

مسائل کی ذمہ دار پی پی اور مسلم لیگ (ن) ہیں، عوام مسترد کر دینگے: عمران

پشاور+ اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہیں عوام کرپشن کے پیسوں سے سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شوکت علی یوسفزئی سے ملاقات میں کیا۔ شوکت یوسف زئی نے خیبر پی کے میں پارٹی انتخابات کے حوالے سے چیئرمین کو بریف کیا۔ عمران خان نے کہا کہ قوم تبدیلی چاہتی ہے اور اس کیلئے وہ تیار بھی ہے۔ یہاں ساری پارٹیاں مل کر ایک سی این جی کا مسئلہ حل نہیں کر سکتیں۔ چند سیاستدان ہیں جو بار بار پیسوں کے بل بوتے پر اسمبلیوں میں پہنچ کر قومی دولت لوٹتے ہیں۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں عمران خان نے ہائر ایجوکیشن کمشن کے معاملات میں حکومتی مداخلت کو تعلیم دشمنی قرار دیتے ہوئے ایچ ای سی میں براہ راست تعیناتیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہائر ایجوکیشن کمشن میں من پسند بیورو کریٹس کو مسلط کرکے اہم قومی ادارے کو تباہ کیا جا رہا ہے اور حکومتی محاذ آرائی اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ پی پی پی حکومت تمام ملکی اداروں کو تباہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔