میانوالی: دریائے سندھ سے جناح بیراج کالاباغ کے مقام پر 2 نعشیں برآمد
میانوالی (نامہ نگار) دریائے سندھ سے جناح بیراج کالاباغ کے مقام پر دو نعشیں پانی میں تیرتی ہوئی جا رہی تھیں کہ لوگوں نے دیکھ کر تھانہ کالاباغ پولیس کو اطلاع کر دی جس پر پولیس میونسپل کمیٹی کے عملہ کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی اور دونوں نعشوں کو دریا سے نکال کر پوسٹمارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کالاباغ منتقل کردیا‘ پوسٹمارٹم کے بعد علاقہ کے لوگوں نے نماز جنازہ ادا کر کے نعشوں کو مقامی قبرستان میں امانتاً دفنا دیا لیکن دونوں نعشوں کی شناخت نہ ہو سکی۔ یاد رہے کہ پچھلے چند ماہ کے دوران اس جگہ سے کئی نعشیں نکالی جا چکی ہیں‘ آئے روز نامعلوم نعشیں یہاں سے گزرتی ہیں۔ اہل علاقہ نے ڈی پی او میانوالی اور صوبائی حکومت سے گذارش کی کہ یہاں پر پولیس اور میونسپل کمیٹی کی مشترکہ چوکی قائم کی جائے تاکہ روزانہ آنے والی نعشوں کی بے حرمتی نہ ہو کیونکہ پولیس قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے اکثر ان نعشوں کو پکڑنے سے گریز کرتی ہے اس لئے اس مسئلہ کا فوری اور مستقل حل کیا جائے۔