عبادت کے دوران سو جاتا ہوں یہ عمل خدا کو محبوب ہے: پوپ فرانسس

ویٹی کن سٹی(این این آئی) مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ عبادت کرتے ہوئے کبھی کبھی ان پر غنودگی طاری ہو جاتی ہے۔کیتھولک فرقے کے ایک مذہبی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عبادت کرتے ہوئے کبھی کبھی وہ سو جاتے ہیں۔اسی سالہ مذہبی پیشوا نے سینٹ تھریسا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی عبادت کے دوران سو جایا کرتی تھیں۔ان کا کہنا تھا کہ عبادت کے دوران سو جانا اصل میں خدا کو محبوب ہے کیونکہ مسیحوں کو کہا جاتا ہے کہ عبادت کے دوران انھیں ایسا محسوس ہونا چاہیے جیسے وہ اپنے والد کی باہوں میں آرام کر رہے ہوں۔اطلاعات کے مطابق اسی سالہ پوپ فرانسس ہر روز رات کو نو بجے سونے چلے جاتے ہیں اور سورج طلوع ہونے سے قبل چار بجے بیدار ہوتے ہیں۔