وہ ایک زندہ قوم ہیں....اور ہم....؟
گزشتہ سے پیوستہ
جی ، ہم واپس سویڈن کی جواں سال وزیر تعلیم کی طرف آتے ہیں جن کو جنوبی علاقہ کے شہر مالمو کی پولیس نے ایک ناکہ پر روک لیا ، کیونکہ پولیس کو ان کی ڈرائیونگ دیکھ کر کچھ شک گذرا کہ یہ مستعد اور ہوشمند نہیں لگتی۔ پولیس نے ان کو آگے نہ جانے دیا اور تفتیش کے عمل سے گزرنے کا کہا۔ خاتون وزیر تعلیم کے باقاعدہ ٹیسٹ کئے گئے اور پولیس نے ان کو بتایاکہ آپ نے الکوحل استعمال کی ہوئی تھی جس کی مقدار اگرچہ معمولی یعنی خون کے ایک لیٹر میں اعشاریہ دو گرام کی سطح پر ہے ، تاہم حکومت سویڈن کے قانون کے تحت یہ ایک جرم ہے ! خاتون وزیر نے پولیس رپورٹ لے کر کوئی جلوس نہیں نکالا ‘ کوئی پولیس افسر یا ملازم فی الفور معطل نہیں کیا گیا ، میڈیا کو بلا کر اپنے حق میں صفائی نہیں دی۔ تاحال یہ پولیس رپورٹ منظر عام پر آئی تھی نہ حکومت ِ وقت نے کوئی ایکشن لیا تھا ۔ لیکن ذرا سی شراب کی گھٹی لگا کر روڈ پہ ا ٓنے والی خاتون وزیر تعلیم نے خود ایک ہنگامی پریس کانفرنس کا اہتمام کیا اور انتہائی جذباتی ہو کر اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ”یہ میری زندگی کی بہت بڑی غلطی تھی ‘ میں اس کی ذمہ داری قبول کروں گی اور وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتی ہوں۔ مجھے پتہ ہے کہ میری اس حرکت سے میرے مسلک کے لوگ دلبرداشتہ ہیں ‘ مجھے اپنے آپ پہ بہت غصہ ہے کہ میں نے ایسا کیوں کیا ‘ میں شرمندہ ہوں ‘ سٹاک ہام کے گورنمنٹ ہیڈ کوارٹرز میں یہ پریس کانفرنس جب ختم ہوئی تو اس خاتون وزیر نے سویڈن کی با شعور قوم کا سر دنیا میں فخر سے بلند کردیا تھا۔ قبل ازیں اسی حکومت کے نائب وزیراعظم جو وزیر ماحولیات بھی تھے ‘ آسارو مزن انہو ںنے بھی اخلاقی جرم کا اعتراف کر کے استعفیٰ دیا ”ہم زندہ قوم ہیں “ ! ہمارے ہاں معاشرہ ایسی مثالوں سے بھرا ہوا ملے گا ‘ اور پھر ان سے کئی گنا بڑے اخلاقی جرم ہوں گے جن کے بارے ہمارا رد عمل .... نظراندازی ، بے حسی ! چلئے ایک مثال دیکھتے ہیں۔ ہمارے قریب یا ارد گرد گھرانہ ہے جن کے دونوجوان بھائی (باپ کی غیر طبعی موت کے بعد ) لڑکپن سے غلط راہوں پر چل نکلے۔ بڑا مے نوشی کی لت میں پڑ گیا اور اب اپنے شہر کا ”معروف “ آدمی ہے۔ چھوٹا بھائی 27سالہ نوجوان ہے وہ کسی شاعر نے کہا تھا کہ :
ظاہر میں لچکدار ہے شرمیلا بہت ہے
لیکن خبر دار کہ زہریلا بہت ہے
دونوں بھائی اتفاق ومحبت اور یگانگت کے اصول پہ چلتے ہوئے زندگی گزارتے ہیں۔ سویڈن کی لیڈی عائدہ 27سال کی عمر میں وزیر بن گئی اور یہ نوجوان 27سال کی عمر میں کس مقام پر پہنچا ہے۔ موازانہ کیجئے گا ۔ کچھ عرصہ پہلے ان دو بھائیوں کے ایک ساتھی کی غیر ت ایمانی بیدار ہوئی تو اس نے ان دو بھائیوں پر پولیس کا ریڈ کروا دیا۔ پولیس کو مخبری کی گئی کہ بات پینے پلانے سے کچھ آگے نکل گئی ہے۔ مختصر یہ کہ جب پولیس بڑے بھائی کو پکڑ کر لے گئی تو اس معصوم شکل چھوٹے نے فوراً پہلا کام یہ کیا کہ شہر کے باہر واقع اپنے ڈیرہ میں جا کر چھپائی گئی چرس آگ لگا کر ‘ جلا کر راکھ کر دی او رنشان مٹا دیا ۔ چھوٹے کی عقل اور تیزی کی داد دینا ہوگی۔ کیونکہ اس نے سوچا کہ کہیں پولیس کی مار اور تفتیش سے بڑا بھائی اس ”خفیہ خزانہ “ کا اعتراف کر کے نشاندہی نہ کر دے ۔ اب اس نے دوسرا کام یہ کیا کہ اپنے ہمدردوں ‘ وفا داروں ، یاروں کو پولیس کے پاس بھیجا اور کئی گھنٹوں بعد رپورٹ یہ آئی کہ جائے وقوع سے انگور کی پیٹی کی دو چار خالی بوتلیں برآمد ہوئی تھیں جس کا کیس درج کر کے چالان کر دیا گیا ہے ۔ اگلے روز عدالت نے فوری ضمانت لے کر واپس گھر بھیج دیا ۔ پولیس سے جب کسی نے تفصیل پوچھی تو انہوںنے کہا کہ جی ہمارے معاشرے میں یہ کیس عام ہیں جس کو پکڑتے ہیں شہر کے لوگ اور ”معززین علاقہ“ پہلے سفارش پھر منت سماجت پہ اُتر آتے ہیں اور ہم مجبور ہو جاتے ہیں ۔ انصاف سے موازانہ کیجئے کہ یہ پاکستان کے عام سے لوگوں کا معمولی سا کیس ہے جہاں رپورٹ میں ”خالی بوتلیں“ لکھا جاتا ہے اور چرس کا تو ذکر ہی ختم ہو جاتا ہے جبکہ عمر یہاں بھی 27سال ہے اور اُدھر سویڈن میں خاتون ہے وزیر ہے اور صرف اعشاریہ دو گرام فی لیٹر کی مرتکب ہے ۔ لیکن قانون کی گرفت نے چھوڑا یا نکلنے نہیں دیا (جہاں غیر مسلم معاشرہ میں شراب رکھنا ‘ پینا ‘ پلانا کوئی جرم یا حرام کام نہیں)
قارئین ! بطور مسلمان ہم پر لازم ہے کہ ہم برائی کو جس درجہ تک ہمت ہے برائی قرار دے کر اظہار بھی کریں۔ جہاں ہم نے اس واقعہ میں ا خلاقی و معاشرتی برائیوں کو ملعون و مطعون کیا وہاں اب ایک اور پہلو سیاست کا بھی ہے ۔ یعنی ہمارے ملک میں ایسی سیاسی روایات جنم لیں کہ ہمارے سیاستدان اپنی شخصیت کو قابل تقلید حد تک غیرمتنازعہ اورپاک صاف رکھیں تو عام آدمی کو بھی جرا¿ت نہ رہے گی ۔ ہمارے ادارے (پولیس) کسی اخلاقی برائی یا معاشرتی ناسور کے شریک جرم نہ ہوں تو وہ بھی اپنی سڑکوں پر بے دھڑک کسی کو روک کر ٹیسٹ کر سکیں گے بشرطیکہ ہم ایک زندہ قوم ہوں !!