ڈینگی وائرس کے انسداد کا آغاز

پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں محمد شہباز شریف نے ڈینگی وائرس اور ملیریا کے امکانی خدشات کو نابود کر دینے کیلئے پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ اگر خدانخواستہ کسی فرد کو ڈینگی یا ملیریا بخار کا عارضہ ہوتا ہے اور وہ ہسپتال میں پہنچتا ہے تو اسے مفت علاج معالجے کی فوری اور تمام سہولیات فراہم کر دینے میں قطعاً کسی تساہل سے کام نہ لیا جائے چنانچہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور بھی پوری طرح متحرک ہو گئی ہے اور پورے شہر میں مچھر کش سپرے کا آغاز کر دیا گیا ہے، دن کے وقت گھروں، مسجدوں، پارکوں، سکولوں، کالجوں، گوداموں اور کچی آبادیوں میں بذریعہ ہینڈ پمپ سپرے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، اسی طرح شام کے وقت فوگ مشینوں کے ساتھ پارکوں، نالوں، جوہڑوں، سڑکوں، سالڈ ویسٹ کنٹینرز اور ایسے ہی دیگر مقامات پر سپرے کرنے کا کام شروع ہے چنانچہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی سپرے ٹیمیں گلی محلوں میں گھوم کر سپرے کر رہی ہیں لہذا لوگوں کو بھی ان ٹیموں کے ساتھ پورا تعاون کرنا ہو گا تاکہ مچھر اور مچھر کی افزائش کے امکانات کو جڑ سے نابود کر دیا جائے۔ ٹیمیں بسوں اور ٹرکوں کے اڈوں، فروٹ منڈیوں، سبزی منڈیوں، ٹائر مارکیٹوں، کمرشل مارکیٹوں، پلازوں اور گھنے درختوں والے شہری حصوں میں بھی سپرے کر کے مچھر کو نابود کر دینے کے انتظامات کر رہی ہیں۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے تو بڑے بڑے اشتہارات لگا کر عوام میں ایک ایسی بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی ہے کہ شہری مچھروں کی خود بخود ہونے والی افزائش کے امکانات کو ختم کر دینے میں ان ٹیموں سے تعاون کریں جو ڈینگی اور ملیریا کے امکانات کے اتلاف کے باب میں پورے شہر میں پھیل کر انسدادی سپرے کرنے میں مصروف ہیں، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور نے ٹائون کونسلز اور یونین کونسلز کی سطح پر خصوصی انسدادی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو پورے لاہور میں مچھر کش سپرے کرنے کے کام کی تکمیل میں کوشاں ہیں۔ کسی بھی شکایت یا ایمرجنسی کی صورت میں فون نمبر042-99200980 پر ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر (ہیلتھ) سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے جبکہ 0300-8819887 اور 042-99211274 پر ڈسٹرکٹ آفیسر (پبلک ہیلتھ) ڈاکٹر شاہد اکرام سے بھی رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب حکومت نے مچھروں کا قلع قمع کرنے کے اقدامات پر تیز تر عمل درآمد کیلئے ایک کمیٹی بھی قائم کی ہے جس میں قومی اسمبلی کے رکن ملک محمد افضل کھوکھر، پنجاب اسمبلی کے رکن رانا اقبال، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور اسمبلی کے رکن زعیم قادری اور پنجاب میں کمشنرز اور ڈی سی اوز اور تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں، اس کمیٹی نے اپنے ایک اجلاس میں ڈینگی اور ملیریا کے بارے میں اور مچھروں کے اتلاف کی مہم کی رفتار کو تیز کر دینے کے باب میں موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور اس وقت پنجاب کے تمام اضلاع میں جو انسدادی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان کو مزید موثر بنا دینے پر غور کیا اور ہر ضلع کی انتظامیہ کو مستعد کرتے رہنے اور ان کی کارکردگی کے نتائج سے آگاہ رہنے پر بھی غور کیا تاکہ ڈینگی اور ملیریا کو قطعاً نابود کر دینے کو یقینی بنایا جائے۔ اس کمیٹی نے سیلاب زدہ علاقوں میں ڈینگی اور ملیریا کے امکانات کا قبل از وقت انسداد کر دینے پر بھی غور کیا، اس سلسلے میں جناح ہال لاہور میں کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں فوگ سپرے مہم کے انچارج نے بھی شرکت کی جبکہ محکمہ صحت کے افسران اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی150یونین کونسلز کے کوآرڈی نیٹرز نے بھی شرکت کی۔