پاکستان کی قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں نشستوں کی مجموعی تعداد تقریبا ایک ہزار کے لگ بھگ بنتی ہے،یوں دیکھا جائے تو قومی و صوبائی اسمبلیوں کی اِن ایک ہزار سے زائد نشستوں کے مقابلے میں محض تین نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات حقیقت میں عام انتخابات کے مقابلے میں عشر عشیر کی حیثیت بھی نہیں رکھتے، لیکن اس کے باوجودقومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس، این اے ایک سو چوالیس اور پی پی ایک سو سینتالیس کی انتخابی مہم دیکھ کر لگتا تھا کہ جیسے یہ متحارب سیاسی جماعتوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہو،لیکن اِن انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران بھی ہر وہ چیز دیکھنے کو ملی، جسے عرف عام میں غیر منصفانہ اور غیر شفاف کہا جاسکتا ہے، مثال کے طور پر انتخابی مہم کے دوران امیدواروں نے انتخاب جیتنے کیلئے پانی کی طرح پیسہ بہاکر اشتہار بازی کی انتہا کردی،حلقہ میں کوئی ایسا گھر، گلی، چوراہا یا کھمبا نہ تھا، جس پر امیداروں نے اپنے جھنڈے، پینافلیکس ، بینرز یا اشتہار نہ لگارکھے ہوں۔انتخابی حلقوں میں امیدواروں نے ایک ایک گلی میں چار چار انتخابی دفاتر کھول کر ووٹ خریدنے کے نت نئے انداز بھی متعارف کرائے، لوگوں کو نوکریوں اورپلاٹوں کے جھانسے دیے گئے، ایک مہینہ سے زیادہ عرصہ تک انتخابی دفاتر میں کھابے چلتے رہے، مبینہ طور پر ووٹوں کی خریداری کا ’’عمل‘‘ کہیں دھڑوں کی بنیاد پر ہوا تو کہیں مہینے بھر کا راشن گھر پہنچاکر انفرادی سطح پر ووٹ خریدے گئے؟انتخابات میں اخراجات کی مقررہ حد سے بیسیوں گنا زیادہ پیسے کے اس قدر بے دریغ استعمال کے بعد کیا اِن انتخابات کو شفاف اور منصفانہ کہا جاسکتا ہے؟انتخابی مہم کے دوران جلسوںمیں سیاسی قائدین کی جانب ایک دوسرے کے خلاف جس طرح کی زبان استعمال کی گئی کیا اُس کے بعد بھی یہ انتخابات اخلاقی اصولوں پر پوا اترتے ہیں؟ ایک دوسرے پر چور، ڈاکو، لٹیرے اور غدار کے جو الزامات لگائے گئے، کیا یہ ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی نہ تھی؟
انتخابی مہم کے دوران تو جو ہوا سو ہوا لیکن انتخابی عمل کے بعد بھی بہت سے سوالات اپنی جگہ موجود ہیں کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس، این اے ایک سو چوالیس اور پی پی ایک سو سینتالیس میں گزشتہ روز ضمنی انتخاب کے عمل کے بعد کیا مصنوعی سیاسی تلاطم ختم ہوجائے گا؟باالخصوص الیکٹرانک میڈیا کے ایک حصے کی حد تک تین حلقوں کے ضمنی انتخاب کو بنیاد بناکر پورے ملک کو جس سیاسی بخار میں مبتلا کردیا گیا تھا،کیا انتخابی عمل کے بعد سیاسی جماعتوں اور میڈیا کو چڑھنے والا وہ انتخابی بخار اتر جائے گا؟ ہونا تو یہی چاہیے کہ انتخابی عمل کے بعد جیتنے والا فتح کے بعد کے اُس اصل مقصد کی جانب گامزن ہوجائے۔ ایک امیدوار ایم این اے یا ایک ایم پی اے کی نشست پر جس مقصد کیلئے انتخاب لڑتا ہے، انتخاب جیت کر اُسے اپنے اُس مقصد میں جت جانا چاہیے، وہ اصل مقصد یہ ہے کہ جیتنے والا اسمبلی میں جاکر اپنے عوام کے مسائل کی بات کرے اور اُن مسائل کے حل کیلئے قانون سازی کے عمل میں اپنا حصہ ڈالا لیکن اصل سوال تو یہی ہے کہ کیا ان ضمنی انتخابات کے بعد امید لگائی جاسکتی ہے کہ سیاست کے سمندر میںجو تلاطم پیدا کیا گیا ہے ، وہ تھم جائے گا اور مضطرب سیاسی موجیں اپنی ’’تشفی‘‘ کے باوجود ’’پرسکون‘‘ ہوجائیں گی؟
میڈیا میں بھی ان انتخابات کی جس طریقے سے کوریج ہوئی ، اس کی مثال عام انتخابات میں کم کم ہی ملتی ہے۔ میڈیا نے انتخابی جلسوں کی گھنٹوں تک میراتھن کوریج ، سروے، نیوز رپورٹس اور سینکڑوں پروگرام کرکے بالخصوص قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بائیس میں ضمنی انتخاب کی اہمیت اس قدر بڑھا دی تھی کہ انتخابات میں حصہ لینے والوں کیلئے یہ انتخاب حق و باطل کا معرکہ اور زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا تھا۔ اس حلقہ کے ضمنی انتخاب کے دوران میڈیا جس انتخابی بخار میں مبتلا دکھائی دیا، یہ کوئی پہلی مرتبہ دیکھنے میں نہیں آیا بلکہ اس سے پہلے بھی پاکستان کا نوخیز الیکٹرانک میڈیا خود بھی ایسے بخار میں مبتلا ہوتا رہا ہے اور دوسروں کو بھی مبتلا کرتا رہا ہے۔مثال کے طور پر دو ہزاردس میں راولپنڈی کے ضمنی انتخاب میں شیخ رشید اور مسلم لیگ ن کے شکیل اعوان کے درمیان ہونے والے ضمنی انتخاب میں بھی اسی طرح کی ’’میڈیا ہائپ‘‘ پیدا کی گئی ، لیکن اس انتخاب میں ہارنے کے بعد نہ شیخ رشید کی سیاست ختم ہوئی اور نہ ہی انتخاب جیتنے سے مسلم لیگ ن کو کوئی بہت زیادہ فائدہ ہوا۔ بہت سی دوسری مثالوں کے علاوہ ابھی حال ہی میں ہری پور میں ہونے والے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں بھی میڈیا اسی طرح کے بخار میں مبتلا نظر آیا اور دونوں جماعتوں نے ایک عام سے ضمنی انتخاب کو اپنے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ بنالیالیکن ہری پور کا انتخاب ہارنے کے بعد کے پی کے سے پاکستان تحریک انصاف کی سیاست ختم ہوئی نہ ہی وہاں انتخاب جیتنے کے بعد مسلم لیگ ن حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ۔ ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بارے میں قائم غلط تصورات کی ایک مثال ہمیں دیر میں صوبائی اسمبلی کے حالیہ انتخاب میں دیکھنے کو ملی جہاں پیپلز پارٹی نے جس صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی، یہ عموما جماعت اسلامی کی سیٹ سمجھی جاتی تھی، لیکن پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے اتحاد کے بعد دھڑے بندی کے ووٹ پیپلز پارٹی کے پلڑے میں چلے گئے، یوں جماعت اسلامی کو اپنی پکی سیٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا، پیپلز پارٹی کی اس کامیابی کو بھی اس طرح پیش کیا گیا کہ گویا پیپلز پارٹی کے تن مردہ میں ایک مرتبہ پھر جان پڑگئی ہو؟ حالانکہ اُن تمام عوامل کو نظرانداز کردیا گیا جو اِس انتخاب میں جیتنے والے امیدوارکی کامیابی کا محرک بنے۔ کیا یہ عجیب بات نہیں کہ ایک ضمنی انتخاب کے نتیجے کو پورے سیاسی منظر نامے پر بھاری قرار دے دیا جاتا ہے؟ضمنی انتخابات کے نتائج سے ایک بات تو واضح ہوجاتی ہے کہ ضمنی انتخابات کی مہم میں میڈیا کی مدد سے جتنی مرضی ہائپ پیدا کرلی جائے، یہ مصنوعی پن انتخابات کے نتائج پر اتنا زیادہ اثرانداز نہیں ہوسکتے قارئین کرام! ضمنی انتخابات ہوچکے اور نتائج بھی سامنے آچکے ، لیکن یہ کہنا ابھی بہت مشکل ہے کہ انتخابی نتائج کے بعد ہارنے والے پرسکون ہوجائیں گے اور جیتنے والوں کے کلیجے میں ٹھنڈ پڑجائے گی! شاید ایسا آسانی کے ساتھ نہ ہوسکے کیونکہ پاکستانی سیاستدانوں میں ابھی اتنی متانت اور سنجیدگی جبکہ سیاست میں اتنی پختہ کاری نہیں آئی لیکن پھر بھی ہم اپنے سیاست دانوں سے اخلاقیات، سیاست اور جمہوریت کے اعلیٰ اصولوں کی آبیاری کی امید تو لگاہی سکتے ہیں۔ اس انتخاب کے بعد اگر ہارنے والے امیدوار جیتنے والے امیدوار کو کھلے دل سے مبارکباددے کر انتخابی نتائج کو قبول کرلیں اور جیتنے والا امیدوار ہارنے والوں کے گلے میں پھولوں کے ہار ڈالنے ان کے گھر پہنچ جائے تو سمجھ لیں کہ پاکستان میں جمہوریت جیت گئی بصورت دیگر اس انتخاب کے بعد اگر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے درمیان’’لڑائی‘‘ بڑھی تو سمجھیں کہ پاکستان میں جمہوریت پھرہار جائے گی!
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38