انتھک محنت اور ایمانداری قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار کی حامل اور خوشحالی کی ضامن ہوتی ہے۔ اگر کرپشن اور بدعنوانی کا سدباب ہو جائے تو دنیا کی کوئی بھی طاقت ترقی کی شاہراہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، کیونکہ یہ قانونِ فطرت ہے کہ جو انتہائی مخلصانہ کاوش کرتا ہے قدرت بھی اس کے لئے نئے مواقع اور نئے راستے پیدا کرکے اسے دنیائے عالم میں ممتاز کرنے کی راہیں ہموار کرتی ہے اور پھر ایسے لوگوں کو رہنمائی کے لئے بھیجتی ہے جن کا شعار خدمت خلق ہوتا ہے اور جو قوم کی ترقی کے لئے دن اور رات کے فرق کو پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ ایک ایسی ہی ہستی ہیں جن کا مشن ہی خدمت خلق ہے۔ وہ صرف دکھاوے کی کارکردگی پر یقین نہیں رکھتے بلکہ خادم بن کر قوم کی خدمت کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں اسی لئے انہوں نے ہر شعبہ میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا ہے۔ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا کر صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔ ان کی قیادت میں پنجاب نے صحیح معنوں میں ترقی کی ہے۔ پسماندہ علاقوں کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔
پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کا ذریعہ بنے گا۔ وزیراعلیٰ نے تمام وسائل عوام کی فلاح وبہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کرنے کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ شہروں کی طرح دیہات کی صفائی کیلئے بھی جامع پروگرام پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام دیہی علاقوں کی ترقی میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے۔
میٹرو بس سروس نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری لانے کے حوالے سے مؤثر کرادار ادا کیا ہے۔ میٹرو بس سروس کے ذریعے روزانہ لاکھوں افراد باوقار طریقے سے اپنی منزل پر پہنچ رہے ہیں۔ میٹرو بس سروس کے جدید نظام نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلی برپا کی ہے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے سپیڈو بس سروس کا اجراء بھی حکومت پنجاب کے انقلاب آفرین اقدامات کی ایک کڑی ہے۔ لاہور اور ملتان میں سپیڈو بسوں کے اجراء سے عوام کو باوقار طریقے سے سفر کی سہولت ملی ہے اور لودھراں اور بہاولپور میں سپیڈو بسوں کے اجراء کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ صوبے کے عوام کو معیاری، تیز رفتار اور جدید سفری سہولتوں کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو باوقار اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے کے وسائل صرف کئے گئے ہیں۔ یہ شاندار بس سروس علاقے کے عوام کے لئے حکومت پنجاب کا ایک تحفہ ہوگی اور ان بسوں میں سفر کے لئے ای ٹکٹنگ کا جدید نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
پاک چین دوستی دنیا میں امن، محبت، تعاون اور والہانہ جذبوںکی روشن مثال ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی اور دوطرفہ معاشی تعاون ہر گزرتے لمحے فروغ پا رہا ہے اور پاک چین دوستی کو فروغ دینے میں پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں محمد شہبازشریف کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب ایک ویژنری لیڈر ہیں اور ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کا اعزاز شہبازشریف کی انتھک محنت اور غیر معمولی کارکردگی کا نتیجہ ہے اور ’’پنجاب سپیڈ‘‘ ایک حقیقت بن چکی ہے۔ ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کے ذریعے بجلی کے منصوبوں کو مکمل کرکے توانائی بحران پر قابو پانے کا کریڈٹ ان کو جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کارکردگی عوامی امنگوں کے مطابق ہے اور پاک چین دوستی کے فروغ اور سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے شہبازشریف نے وزیراعلیٰ کی کاوشیں قابل قدر اور اس حوالے سے ان کا عزم او رخدمات ناقابل فراموش ہیں۔ سی پیک کے عظیم منصوبے نے معاشی واقتصادی ترقی کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور خطے کے دیگر ممالک بھی سی پیک سے مستفید ہوں گے۔ پاکستان میں سی پیک کے تحت منصوبوں کی تیزرفتار اور شفاف تکمیل کی کوئی دوسری مثال موجود نہیں۔ سی پیک سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب میں سی پیک کے منصوبوں کو انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور چین انتہائی بااعتماد دوست ہیں اور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کی قیادت کے ترقیاتی ویژن کا عکاس ہے اور سی پیک سے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔
چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ سی پیک ایک عظیم الشان منصوبہ ہے جس کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔ حکومت جس انداز سے عوامی خدمت اور معاشی ترقی کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے وہ قابل تحسین ہے اور یقیناً اس سے ملک ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے سفر طے کرکے ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہونے کے قابل ہوسکے گا۔