رمضان المبارک میں آٹا سو روپے سستا

کالم نگار  |  محمد مصدق

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہر ممکن کوشش ہے کہ پنجاب کے عوام کی بھرپور خدمت کی جائے۔ اس مقصد کیلئے وہ بہترین منصوبے بناتے ہیں لیکن جب وفاق سے تعاون حاصل کرنے کی باری آتی ہے تو منصوبے ڈانواں ڈول ہونے شروع ہو جاتے ہیں۔ اس لئے وزیراعلیٰ کی زیادہ سے زیادہ کوشش ہے کہ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے پنجاب کے عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کی جائے۔
سستی روٹی کے منصوبے کی افادیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا اس کی خامیوں کو رمضان سے پہلے پہلے ختم کر لیا جائیگا لیکن اب پنجاب کے عوام کیلئے سستا آٹا فراہم کرنے کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس منصوبے کے تحت آٹے کا تھیلا سو روپے سستا فراہم کیا جائیگا۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق سربراہ بلال صوفی نے نوائے وقت کو بتایا ’’میاں شہباز شریف کی کوشش تو ہے کہ پنجاب کے عوام کو ہر چیز سستی ملے لیکن وسائل محدود ہیں لیکن جہاں بھی ضرورت محسوس کرتے ہیں وہاں متعلقہ شعبے سے مشاورت کر کے بہتری کی صورت پیدا کر رہے ہیں۔ سستے آٹے کیلئے چند قابل عمل تجاویز پیش کی گئی تھیں۔ پنجاب میں ہر کسی کو آٹے کی خریداری پر فی بیگ سو روپے کی سبسڈی دی جائے۔ گندم کی قیمت میں کمی کر دی جائے۔ یونین کونسلوں کی سطح پر سو روپے فی بیگ کی رعایت دی جائے۔ صرف اتوار اور سستے بازاروں میں سستا آٹا فراہم کیا جائے یا ہر یونین کونسل میں غریبوں کو دو دو آٹے کے تھیلے فری فراہم کئے جائیں۔ ہر تجویز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پہلی تجویز پسند کی گئی اور اب امید ہے کہ یکم رمضان سے پنجاب کے عوام کو سو روپے کی بچت ہوگی۔