مسجد الحرام کے اندر عارضی طبی مراکز گھنٹے کام کر رہے ہیں: ڈاکٹر طالب الجحدلی

مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) مسجد الحرام کے صحنوں میں 7 فیلڈ میڈیکل ٹیموں نے کام شروع کر دیا۔ یہ بات مکہ مکرمہ ریجن میں محکمہ صحت کے معاون ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طالب الجحدلی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ٹیمیں رمضان المبارک کے آخر تک ڈیوٹی دیں گی۔ ہر روز مغرب بعد سے تراویح ختم ہونے تک زائرین اور معتمرین کی خدمت کریں گی۔ الجحدلی نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران معتمرین کی صحت تسلی بخش ہے۔ ماہ مبارک کے شروع سے اب تک مقدس شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز سے رجوع کرنے والوں کی تعداد 45594 تک پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں 49375 نے او پی ڈیز سے رجوع کیا۔ ہلال احمر نے رمضان المبارک میں ضیوف الرحمن کی خدمت کے لئے حرم شریف کے اندرونی حصوں میں عارضی طبی مراکز قائم کر رکھے ہیں یہ مراکز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد مریضوں کو ہسپتال بھیج دیا جاتا ہے۔