اپنی انقلابی پالیسیوں کی وجہ سے نوازشریف پاکستانی عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیںمسلم لیگ ن عوام کی آواز بن چکی ہے: زاہد لون

جمہوریت کے فروغ کیلئے ورکرز میاں برادران کیساتھ چلتے رہیں گے: نائب صدر کلچرل ونگ پنجاب
مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و کلچرل ونگ پنجاب کے نائب صدر زاہد لون نے کہا ہے کہ میاں محمد نوازشریف انقلابی پالیسیوں اور اپنے حق سچ پر ڈٹ جانے والے اصولوں کی وجہ سے پاکستان کے عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں اور انشااللہ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز میاں برادران کے شانہ بشانہ اپنا مثالی و مثبت کردار ادا کرتے ہوئے ان کے نیک مشن پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کو عملی جامہ پہنانے کی خاطر ان کے ساتھ چلتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جڑیں عوام میں ہیں اور مسلم لیگ (ن) عوام کی آواز بن چکی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان میاں برادران کے نیک مشن کی تکمیل کے سلسلہ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب ہمارے ملک کا ہر فرد میاں برادران کی شبانہ روز کاوشوں کا ثمر کھائے گا اور بہتر ریلیف محسوس کرتے ہوئے سکھ و چین کی زندگی بسر کرے گا۔