حجاج کرام تمباکو نوشی سے گریز کریں، مفتی اعلیٰ سعودی عرب

مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ ) سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ اور سربراہ آوردہ علماءبورڈ کے سربراہ فضیلة الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے تمام عازمین حج، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ حرم شریف کے تقدس کا احترام کرتے ہوئے تمباکو نوشی سے احتزازکریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے گھر انہی کو آنے کی دعوت دیتا ہے جس کو وہ چاہتا ہے۔ ارض مقدسہ میں قیام اللہ تعالیٰ کی بیش بہا نعمتوں میں سے ایک ہے۔ حرم شریف میں ایک رکعت نماز کا اجروثواب دوسری جگہ ایک لاکھ رکعت پڑھنے کے برابر ہے۔ یہاں کا ایک ایک لمحہ انمول ہے جسے اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی میں کیا جانا چاہئے۔ مفتی اعلیٰ نے کہاکہ بعض عازمین حج حرم شریف کے تقدس کا خیال نہیں رکھتے اور کھلے عام تمباکو نوشی کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حرم شریف اللہ کا گھر ہے وہاں تمباکو نوشی کے بعد نہیں جانا چاہئے اس کی بدبو سے نہ صرف اسے بلکہ اس کے اردگرد موجود دوسرے لوگوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔