موجودہ بلدیاتی نظام کو ہر صورت جانا ہے: دوست محمد کھوسہ

لندن (آصف محمود سے) وزیر بلدیات پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کی مدنظر رکھتے ہوئے ملتان یا بہاولپور میں صوبائی حکومت کا سب سیکرٹریٹ بنانے کی زیر تجویز ہے جس کے انچارج ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہونگے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف صوبے میں ایسا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں کہ محرومیوں کے باعث آئندہ کوئی ملک چھوڑے نہ ہی الگ صوبے کی ڈیمانڈ کرے۔ گذشتہ روز پاکستان روانگی سے قبل مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے مرکزی دفتر میں نوائے وقت/ دی نیشن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نظام کو ہر صورت جانا ہے۔ چودھریوں کی سیاست اب ختم ہو چکی ہے‘ آج وہ ایسے لوگوں کے سر پر سیاست کرنا چاہتے ہیں جن کی اپنی زندگی ڈیڑھ دو ماہ رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو آرٹیکل 6 کے تحت ہر صورت اسکی سزا ملنی چاہئے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس حوالے سے کوئی اقدام نہ کیا تو مسلم لیگ (ن) اپنے دور حکومت میں ایسا کرکے رہے گی۔ دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ صدر آصف زرداری کے بار بار معاہدوں سے انحراف سے میثاق جمہوریت کی حیثیت بھی ختم ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین توڑنے والوں کو برطانیہ بدر کرانے کیلئے سفارتی کوششوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔