ٹائون شپ کے تباہ حال چلڈرن پارکس، ڈی جی ایل ڈی اے کے نام کھلا خط

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر
 ٹائون شپ کے تباہ حال چلڈرن پارکس، ڈی جی  ایل ڈی اے کے نام کھلا خط

مکرمی! ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ایک انتہائی متحرک، مخلص اور نہایت محنتی شخصیت کے حامل ہیں اور وہ خادم اعلیٰ پنجاب کے لاہور کو خوبصورت مثالی بنانے کے ویژن کو پورا کرنے کیلئے شب و روز کو شاں ہیں لیکن لاہور کے بے شمار علاقہ جات ایسے ہیں جہاں پی ایچ اے کی توجہ نہیں اس مقصد کیلئے ڈی جی نے ڈائریکٹر مانیٹرنگ اظہر علی کو مقرر کیا ہے جو کہ ایک اعلیٰ تجربہ کار اور پارٹی کلچر میں بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں میں خصوصی طور پر ڈی جی کی توجہ اپنے علاقہ ٹائون شپ کے تباہ حال اجڑے چلڈرن پارکوں اور اس جانب متعلقہ حکام کی مسلسل عدم تو جہی و نا اہلی کی جانب دلانا چاہتا ہوں ٹائون شپ کے بے شمار پارک اس وقت ویران پڑے ہیں پارکوں میں گھاس، پودے ناپید ہیں جنگلے، فلڈلائٹس ناپید ہیں پی ایچ اے نے تمام تر توجہ چند مخصوص علاقوں پر مرکوز کر رکھی ہے ڈی جی نے جب کبھی علاقہ کا دورہ کرنا ہوتا ہے تو انہیں صرف ان مخصوص پارکوں میں لے جایا جاتا ہے اور سب اچھا ہے کی رپورٹ دی جاتی ہے ہمارے بلاکوں کے پارکوں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جا رہا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ سیکٹر بی ون بلاک 16 تا 1 میں تقریباً 20 پارکوں کے لحاظ سے مالی فراہم کئے جائیں ڈی جی ان پارکوں کی حالت زار بہتر بنانے کے احکامات صادر فرمائیں۔
(محمد سرفراز خان سماجی رہنما سابق جنرل کونسلر، اہلیان ٹائون شپ لاہور)