بجلی کے بوسیدہ کھمبے ہٹائے جائیں

مکرمی! سیالکوٹ کے تاجروں اور دکانداروں نے ریلوے روڈ تا حاجی پورہ روڈ براستہ لیانی بازار و پرانی گندم منڈی تجاوزات کے خاتمہ اور سڑک کی کشادگی کے سلسلہ میں جو رضاکارانہ خدمات سرانجام دی ہیں پورے ملک میں اسکی مثال نہیں ملتی۔ تجاوزات کے خاتمہ اور سڑک کی کشادگی کے وقت ٹی ایم اے کے سربراہ پرویز اقبال بٹ اور ڈی سی او نے مذکورہ راستوں میں سڑک کے درمیان مختلف مقامات پر نصب شدہ بجلی کے کھمبے ہٹا کر مناسب جگہوں پر نصب کرنے کا تاجر رہنما خواجہ عامر سہیل (صدر ٹریڈرز ایسوسی ایشن پرانی گندم منڈی سیالکوٹ) اور انکے ساتھیوں کے ساتھ وعدہ کیا تھا اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا جس کی بنا پر متذکرہ کھمبے ہمہ وقت کسی حادثے کا الارم بجاتے رہتے ہیں اور ٹریفک میں شدید تعطل کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ ان کھمبوں کی حالت انتہائی مخدوش ہو چکی ہے اور انکی بنیادیں زنگ کی وجہ سے کھوکھلی ہو چکی ہیں۔ آندھی اور تیز ہوا کے نتیجہ میں کھمبے اچانک گر سکتے ہیں اور گزرتی ٹریفک پر ان کھمبوں کے گرنے سے ناقابل تلافی جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری ٹی ایم اے کے سربراہ اور ڈی سی او پر عائد ہو گی۔ ارباب اختیار سے بلاتاخیر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
(ابوسعد سید جاوید علی شاہ سیالکوٹ 0332-8675098)