چیف سیکرٹری پنجاب کی توجہ کےلئے

مکرمی! ہم اہلیان و علاقہ ڈھولن ہٹھاڑ تحصیل و ضلع قصور گوناگوں تکالیف و مشکلات کا شکار ہیں۔ ہمارے گاﺅں موضع ڈھولن ہٹھاڑ جو کہ چالیس ہزار نفوس آبادی کا قصبہ ہے تحصیل قصور میں بلحاظ آبادی سب سے بڑا گاﺅں ہے۔ اس میں ایک جوہڑ ہے بارش کے دنوں میں آس پاس کا پانی اسی جوہڑ میں آتا ہے۔ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہے جس کی وجہ سے گندا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ گاﺅں کی نصف سے زیادہ آبادی پانی میں گِھر جاتی ہے اور گذشتہ 25 دن سے لوگ پانی میں گھرے ہوئے ہیں۔ اکثر لوگوں کے مکان گر گئے ہیں باقی گرنے والے ہیں۔ گندے پانی کی وجہ سے لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اور زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔ اس کے لئے ایک 4 ہزار فٹ نالہ تعمیر کروا کر اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔ اسی طرح آج سے تقریباً 22 سال قبل واٹر سپلائی سکیم کے تحت لوگوں کو پانی مہیا کیا گیا تھا۔ اب پانی کے پائپ جگہ جگہ سے ٹوٹے ہوئے ہیں۔ گندا پانی پائپوں میں داخل ہو جاتا ہے اور لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔ جس کی وجہ سے اہالیان دیہہ ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماری میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ان پائپوں کو دوبارہ لگوایا جائے۔ گاﺅں کی تمام نالیاں، گلیاں ٹوٹ چکی ہیں ان کو بھی نئے سرے سے بنوایا جائے۔ ہمارے گاﺅں کو کھڈیاں سے سڑک آتی ہے جو کہ ٹوٹ پھوٹ چکی ہے۔ اس سڑک کی نئے سرے سے تعمیر اور اس کو کشادہ کرنے کا حکم صادر فرمائیں۔ آپ کی نوازش ہو گی
(اہلیان ڈھولن ہٹھاڑ تحصیل و ضلع قصور -0305-4364090محمد اسماعیل خان نمبردارو دیگر اہل دیہہ)