خادم پنجاب کا اساتذہ پیکج

مکرمی! خادم پنجاب نے صوبہ بھر کے اساتذہ کے جس پیکج کا اعلان فرمایا ہے اساتذہ برادری میں خوشی کی لہر موجزن ہو گئی ہے۔ پرائمری سطح پر اساتذہ برادری اکثر نالاں ہی رہتی ہے اکثر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (A.E.O) پرائمری سکولز کو دی گئی گرانٹس کو زیادہ تر ذاتی مصرف میں لاتے ہیں۔ جب تک پرائمری و مڈل سکولز کو متعلقہ ہائی سکولز کے زیر کمان نہیں کیا جائے گا پرائمری نظام درست نہیں ہو گا۔ متعلقہ ہائی سکولز اپنے علاقے کے پرائمری سکولزکے امتحانات بھی منعقد کرے اور ٹیچرز کے جملہ امور نبٹانے کا اختیار ہیڈ ماسٹر ہائی سکول کو ہو۔ چالیس سالہ تجربہ سے عرض کر رہا ہوں جب پولیس چوکیاں تھانہ کے ماتحت اور ڈسپنسریاں بڑے ہسپتالوں کے تحت کام کر رہی ہیں تو پرائمری سکولز ہائی سکولز کے تحت کیوں نہیں ہو سکتے۔
(نور احمد نور گوجرانوالہ)