عملی اقدامات کا وقت آ گیا

مکرمی!اس وقت پاکستان کے طول و عرض میں دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی، لاقانونیت، ناجائز اسلحہ، ٹارگٹ کلنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور خودکشی کے رجحانات میں غیرمعمولی اضافہ ہو رہاہے لیکن حکمران ہیں کہ ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی- سب خوابِ غفلت میں سوئے پڑے ہیں- کسی کو پاکستانی عوام سے ہمدردی تک نہیں، ہر محکمہ، ہر ادارہ اور ہر شخص ]جو حکومت سے وابستہ ہے[ صرف کرپشن میں مصروفِ عمل دکھائی دیتا ہے-اب پاکستان کی ضرورت صرف ایک مخلص قیادت کی تھی جو کہیں باہر سے نہیں آئے گی،پاکستانی قوم نے اپنے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن)کو پاکستان کی واحد اکثریتی جماعت بنا دیا ہے سو اب جنابِ نواز شریف قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں لگ جائیں ۔ہماری تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر ایک ایسا لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے، جس سے پاکستان کے غریب عوام کی دادی رسی کی جاسکے- اب بیان بازیوں کا دور گزر گیا ہے، اب عملی اقدامات اُٹھانے کا وقت آ گیا ہے اور اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کا آپس میں اتحاد ضروری ہے ورنہ اگر پاکستانی عوام اُٹھ کھڑے ہوئے تو بہت سی نام نہاد سیاسی جماعتوں کا کچھ نہیں بچے گا- پاکستان تو رہے گا کیونکہ اسے ہمارے قائد اور ہمارے بزرگوں نے اللہ کے نام پر بنایا تھا اور یہ زمین اور یہ ملک ہمیشہ رہے گا- اسے لوٹنے والے گِدھ نما سیاست دان نہیں رہیں گے اور حالات اسی طرف جا رہے ہیں، جب ان کا نام لیوا کوئی نہیں رہے گا۔( نعمان منظورلاہور)