120کا ضمنی انتخاب اور فریقین کے رویے
مکرمی! میاں نواز شریف کی نا اہلیت کے باعث خالی ہونے والیNA-120کی نشست پر ضمنی انتخاب کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔بیگم کلثوم نواز شریف کی علالت اور سرجری ملک میں عدم موجودگی کے باعث ان کی دختر مریم نواز نے کامیابی کے ساتھ الیکشن کمیشن میں بے پناہ محنت سے کام لیا۔دوران انتخاب خوش قسمتی سے کوئی نا خوشگوارواقعہ پیش نہیں آیا۔ دوسری اچھی بات جو دیکھنے میں آئی وہ یہ تھی کہ ابھی تک کسی بھی طرف سے دھاندلی کا الزام نہیںلگایا گیا۔ایک تکلیف دہ بات البتہ ضرور دیکھنے میں آئی وہ یہ کہ گزشتہ چند ماہ میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے فیس بک پر مریم نواز اور میاں نواز شریف کے خلاف جن عامیانہ ریمارکس کے ذریعے اپنے دل کی بھڑاس نکالی وہ کسی بھی مہذب قوم کے کے شایان شان نہیں ہو سکتی۔تہذیب سے گرے ہوئے ان ریمارکس پر عام شہری کے لئے سوائے اظہار افسوس کے کیا کہا جا سکتاہے۔کسی کی ذات کے لئے گھٹیا زبان اور الفاظ کا استعمال اس کی شان اور مرتبہ ہر گز نہیں گھٹا سکتے۔مریم نواز اور ان کے گھرانے کو قدرت نے سر خرو کر کے ان کے لئے ایک بار پھر ملک و قوم کی خدمت کی راہیں کھول دی ہیں۔ انکے مخالفین کیلئے یہ ایک مناسب وقت ہے کہ اپنے رویوں کا احساس کر تے ہوئے اپنے اندر تحمل اور برداشت کا مادہ پیدا کر لیں۔(م ش ضیاء اسلام آباد)