میڈیا ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر
میڈیا ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے

مکرمی! وفاقی بجٹ 2015-16ء کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ میڈیا عوام تک معلومات پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے‘ لیکن وفاقی بجٹ کے سلسلہ میں میڈیا کی طرف سے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا فقدان رہا۔ بعض ایسی چیزوں کو بریکنگ نیوز کے طورپر چلایا گیا جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مثلاً گلگت بلتستان کو فراہم کی جانے والی گندم پر سبسڈی کو ختم کرنے کی خبر چلائی گئی۔ استعمال کی اشیاء دودھ‘ چینی‘ گھی‘ کوکنگ آئل اور بجلی مہنگی کرنے کی خبر چلی جس سے عوام میں بے چینی پھیلی۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے بارے میں بھی درست رپورٹنگ نہیں کی گئی جس سے ملازمین میں بے چینی پائی گئی۔ بجٹ سے اگلے روز وفاقی وزیرخزانہ نے ایسی تمام خبروں کی تردید کی۔ ہمارے میڈیا کو خواہ وہ پرنٹ ہو یا الیکٹرانک قومی مفادات کا خیال رکھنا چاہئے۔ تصدیق کے بعد خبر دینی چاہئے۔ میڈیا میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا فقدان دیکھنے میں نظر آرہا ہے جو قومی مفاد میں نہیں۔ ایسی رپورٹنگ سے گریز کرنا چاہئے۔ (محمد ضیاء آفتاب۔ نیو گارڈن ٹائون لاہور)