محبت ابھی دنیا میں باقی ہے

بانیٔ پاکستان کے بقول پاکستان اسی دن بن گیا تھا جس دن ہندوستان میں پہلا ہندو مسلمان ہوا تھا تاہم پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھرنے تک مسلمان جن جاں گداز لمحوں سے گزرے ان کا ذکر بڑا دلسوز ہے تحریک پاکستان کے کارکن لہو سے آزادی کے نغمے رقم کرتے رہے عفت مآب بیٹیوں نے اپنی عزتوں کی پاسداری کے لئے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ حتیٰ کہ معصوم بچے بھی پاکستان کی آن پر قربان کر دئیے گئے 14اگست کا دن پاکستانیوں کے لئے جنت کی خوشخبری سے کم نہیں اس دن جگہ جگہ جشن منایا جاتا ہے سکول کالجز میں تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے…ہائیر سیکنڈری سکول نے اس دن کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کر رکھی تھی جس میں راقم السطور بھی مدعو تھا سکول کی طالبات نے اپنے جذبوں سے مزین تقریب کو چار چاند لگا دئیے طالبات نے ایک ڈرامہ تیار کررکھا تھا جس میں قیام پاکستان سے پہلے اور قیام پاکستان کے بعد سے لے کر اب تک کے سیاسی سماجی ومعاشرتی حالات کو پیش کیا گیا تھا سرسید احمد خان سے لے کر قائد اعظم تک چودھری رحمت علی سے لے کر لیاقت علی خان تک پھر ذوالفقار علی بھٹو کی عوامی حکومت پر ضیاء الحق کے تسلط سے لے کر منتخب وزیراعظم میاں نواز شریف کی جمہوری حکومت پہ ایک ڈکٹیٹر کے شب خون مارنے تک تمام واقعات کو طالبات نے بڑی مہارت سے ادا کیا آخر میں ملک کے موجودہ صدر اور عوام کی حالت کو بھی بڑے خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا اور دکھایا گیا تھا کہ لگتا ہے جو قربانیاں دے کر پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بنایا ہوگا طالبات نے محمد بن قاسم، محمود غزنوی، صلاح الدین ایوبی، طارق بن زیاد کا ذکر بھی شامل کیا کہ جو اسلام اور عوام کی اقدار کی سرفرازی کے لئے عظیم الشان روایات چھوڑ گئے
طالبات نے صدر مملکت کے حوالے سے جو خیالات پیش کئے وہ خوشگوار نہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ ہم سب ایک ہیں مجھے المکۃالعربیۃ السعودیہ میں ایک مشاعرے میں پڑھا ایک شعر یاد آتا ہے کہ ؎ محبت ہے ابھی دنیا میں باقی کوئی اس بات کی تصدیق کر دے
کوئی بتائے کہ ہم سب ایک کیسے ہیں ایک طرف مفلسی بے روزگاری، افراتفری قتل وغارت دوسری طرف نازک مزاجیوں اور شاہانہ طرز عمل کا مرقع لوگ ایک طرف اندھیروں میں ڈوبی خلق خدا تو دوسری طرف رنگ ونور سے آراستہ انجمن آرائی ایک طرف عدم تحفظ کا شکار لوگ تو دوسری طرف ذاتی استحکام جناب اگر محبت باقی ہے تو یہ تصدیق بھی چاہتی ہے صدر مملکت جناب آصف علی زرداری تحریک پاکستان کے متوالے سچے پاکستانی پکے عاشق رسولﷺ انسان دوست شخصیت آبروئے صحافت محبتوں کے پیکر نوائے وقت کے چیف ایڈیٹر جناب مجید نظامی صاحب کے افکار سے استفادہ کریں تو وہ ملک میں مقبول بھی ہو سکتے ہیں پاکستان کو قائداعظم کا پاکستان بھی بنا سکتے ہیں اور محبت کی بقاء کی تصدیق بھی۔ ندیم اختر ندیم