حقائق سے روگردانی

مکرمی! مسلم لیگ (ق) اور ان کی جماعت کے رفقاء آج کل ہر فورم پر کہہ رہے ہیں کہ اگر صدر مشرف کے خلاف ٹرائل ہوا تو وہ اس میں فریق نہیں بنیں گے بلکہ ان کا فرمان ہے کہ ماضی کو بھول جائیں اور سب باتوں پر مٹی پائیں، حقیقت یہ ہے کہ سابق صدر مشرف کے آٹھ سالہ دور میں یہ لوگ اقتدار کے مزے لوٹتے رہے، ان احسانوں کے بدلے میںاس پارٹی کے ایک سرکردہ رہنما انہیں وردی میں دس مرتبہ صدر بنانے کا دعوے کرتے رہے۔ قومی اسمبلی میں جب ان کے خلاف قرارداد آنے لگی تو اس پارٹی نے اسے ہلہ شیری دی کہ ہم مکمل دفاع کریں گے جس پر … صدر نے کہا کہ وہ اسمبلی میں آ کر اپنا آئینی حق استعمال کریں گے اور تمام الزامات کا جواب دیں گے۔ ملک کی چاروں صوبائی اسمبلیوں نے اس کے خلاف قراردادیں پاس کیں تب بھی اسے تسلی دی گئی اور اقتدار نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا گیا یہاں تک کہ ملک میں ہنگامے شروع ہو گئے۔ پاکستان مسلم لیگ ق ان کے طویل جرائم میں برابر کی حصہ دار رہے اسے یہی فکر ہے کہ اگر (ر) جنرل کا ٹرائل شروع ہو گیا تو بات ہماری گردن تک آئے گی۔ مجرم کی اعانت کرنا اس کے جرم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔(شیخ محمد اشرف واہ … پاکستان یوتھ ویلفیئر رجسٹرڈ اندرون لاہور گیٹ قصور 0492-762526)