مکرمی! پانامہ کا شور اب تھمنے جا رہا ہے، عوام کے ہر دلعزیز قائد، پاکستان کو ایٹم بم، موٹر ویز اور سی پیک جیسے منصوبے دینے والے نواز شریف نے عدالتی احکامات کی پیروی اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہو کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی چھ رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیشی کے بعد صحافیوں کے سامنے ایک تحریری بیان پڑھتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے جے آئی ٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کر دیا ہے۔ پاکستان سازشوں اور تماشوں کی بھاری قیمت ادا کر چکا ہے اور وقت آ گیا ہے کہ حق اور سچ کا علم حقیقی معنوں میں بلند ہو۔ نواز شریف کی جے آئی ٹی میں پیشی کا دن آئین اور قانون کی سربلندی کے حوالے سے سنگِ میل کا درجہ رکھتا ہے۔پیپلز پارٹی کے ہر دور میں ان کا انتقامی احتساب ہوا، تمام اثاثے قومیائے گئے، احتساب مشرف کی آمریت نے بھی کیا اور اس بے دردی سے کیا کہ شریف خاندان کے گھروں پر بھی قبضہ جما لیا گیا، بار بار لگنے والے الزامات میں ذرہ برابر سچائی ہوتی تو مشرف کو ہائی جیکنگ کے جھوٹے کیس کا سہارا نہ لینا پڑتا۔ مخالفین تمام تر کوششوں کے باوجود ان پر کسی کرپشن، بدعنوانی، کک بیک، کمیشن کا کوئی ایک معاملہ الزام کی حد تک بھی سامنے نہیں لا سکے، وزیراعظم سمیت سب آئین و قانون کے سامنے جوابدہ ہیں، آئین عوام کی حکمرانی اور جمہوریت عوام کے فیصلوں کے احترام کا نام ہے۔مخالفین جو جتن کر لیں، جتنی چاہیں سازشیں کر لیں، ناکام و نامراد ہی رہیں گے۔ (جاوید اقبال بٹ)
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024