ٹرانسپورٹ میں کرایہ نامہ کی عدم دستیابی
مکرمی‘ ٹیکسلا واہ کینٹ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں کرایہ نامہ آویزاں نہ کرنا معمول کا حصہ ہے۔ زائد کرایہ کی طلبی پر کنڈیکٹروں اور مسافروں میں تو تکار روز کا معمول ذمہ داران کی طرف سے اس طرف توجہ نہ دینا قابل افسوس روزانہ کام کے سلسلے میں ٹیکسلا واہ کینٹ سے اسلام آباد راولپنڈی کام کے سلسلے میں آنے والے مسافروں کے لیے شدید مشکلات ہیں۔ اگر کسی کنڈیکٹر سے کرایہ نامہ کی بابت بات کی جائے تو کنڈیکٹر حضرات مسافروں سے الجھنا شروع کر دیتے ہیں حالانکہ یہ مسافروں کا بنیادی حق ہے۔ ٹریفک پولیس یوں تو ہر چوک چوراہے میں نظر آتی ہے اور اکثر متعدد وجوہات کی بنیاد پر چالان کیے جاتے ہیں مگر کرایہ نامہ آویزاں نہ کرنے پر کوئی کارروائی دیکھنے میں نہیں آتی جس کے باعث دوران سفر مسافروں کو مقررہ کرایہ کی اصل ادائیگی میں شدید کا سامنا کرنا پڑتا ہے مذکورہ روٹ پر شاید ہی کوئی گاڑی ہو جس میں کرایہ نامہ آویزاں کیا گیا ہو لہذا ذمہ داران سے گزارش ہے کہ مسافروں کو درپیش اس بنیادی مسئلے کی طرف توجہ دی جائے تاکہ آئے روز کنڈیکٹروں اور مسافروں کے درمیان وجہ جھگڑا بننے سے بچا جاسکے۔ (مظہر الٰہی ‘ ٹیکسلا)