معجزات رسول انسائیکلو پیڈیا بک شیلف

چودھری برکت علی صاحب نے اپنے خاندان میں اشاعت ادب کے جس سلسلے کا آغاز کیا تھا وہ اب مختلف انواع کے شجر ہائے سایہ دار کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ چودھری برکت علی (مرحوم) کے ایک فرزند خالد چودھری نے علمی اور ادبی کتابوں کے ساتھ اب دینی اور مذہبی کتابیں شائع کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ زیر نظر ان کے اشاعتی ادارہ چودھری اکیڈمی کی ضخیم‘ خوبصورت اور مطلع فکر کو روشن کرنے والی کتاب ”معجزات رسول کا انسائیکلو پیڈیا“ ہے۔ جس کے مولف منصور احمد بٹ ہیں۔ بنیادی طور پر یہ کتاب ذکر نبی اکرم کے سلسلے کی کتاب ہے لیکن درحقیقت یہ کتاب ان معجزات کے تذکرے سے مرصع ہے جن کی عینی شہادتیں صحابہ کرامؓ نے دیں اور جن کے ثمرات عوام الناس نے سمیٹے اور جن کے اثر و عمل کی حیرت کو منکرین رسول نے بھی قبول کیا۔ یہ سب معجزات حدیث نبوی اور تذکار محمد کی کتب میں بکھرے ہوئے ہیں۔ منصور احمد بٹ نے بڑی دیدہ ریزی اور تلاش و جستجو سے ان معجزات کو زیر نظر کتاب میں جمع کیا اور موضوعات کو حروف تہجی کے اعتبار سے ترتیب دیا۔ خوبی کی بات یہ ہے کہ اس کتاب میں احادیث نبوی کے علاوہ سیرت نبوی کے نقوش بھی سامنے آتے ہیں اور معنوی طور پر اس انسائیکلو پیڈیا کی جامعیت میں اضافہ کرتے ہیں۔ ہدیہ 500 روپے ہے۔ بڑے سائز پر چھپی ہوئی یہ کتاب‘ چودھری اکادمی‘ الفضل مارکیٹ اردو بازار لاہور سے دستیاب ہے۔ احمد بک کارپوریشن نزد کمیٹی چوک راولپنڈی پر بھی دستیاب ہے۔