ناجائزتجاوزات

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر
ناجائزتجاوزات

مکرمی! نارنگ منڈی میں ناجائز تجاوزات نے پریشان کن صورتحال اختیار کر لی ہے۔ مین سڑکوں‘ بازاروں اور گلی محلوں میں ناجائز تجاوزات کے باعث پیدل چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔ خصوصاً خواتین اور طالبات کو شدید پریشانی اٹھانا پڑتی ہے۔ بازاروں اور ریلوے شاپنگ پلازہ کے واحد راستہ پر دکانداروں نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رکھا ہے اور تین تین فٹ تک دکانیں آگے بڑھا دی ہیں جس کی وجہ سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کو جانے والی تین ہزار طالبات کو اس واحد راستہ سے گزرنے پر بڑی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ریلوے تفریحی پارک کے باہر رکشہ والوں نے مین سڑک پر قبضہ کر رکھا ہے اور اس کے علاوہ ریلوے روڈ پر بھی جگہ جگہ تجازات کی بھرمار ہے۔ ہم ڈی سی شیخوپورہ اور اے سی مریدکے سے التماس کرتے ہیں کہ وہ بڑی بے رحمی سے میجر آپریشن کرائیں اور تجاوزات کے ذمہ داران کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں ورنہ تجاوزات میں اضافہ روکا نہ جائے گا۔(قمر گولاٹی ،نارنگ منڈی شیخوپورہ)