خادم اعلیٰ پنجاب اک نظر ادھر بھی

خادم اعلیٰ پنجاب اک نظر ادھر بھی

مکرمی! خادم اعلیٰ پنجاب ہماری گزارشات پر بھی توجہ دیں اور صحیح معنوں میں عوام کے خادم اعلیٰ ہونے کا ثبوت دیں۔ ہم ن لیگ کے قلعے لاہور کے شہری ہیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ اس ملک کے شہری ہونے اور ہر طرح کا ٹیکس ادا کرنے کے باوجود ہمیں اس احساس میں مبتلا کیا جا رہا ہے کہ جس جگہ ہم رہائش پذیر ہیں بی آربی کینال روڈ جو ڈی ایچ اے فیز 7 سیکٹر U کے عقب میں واقع ہے وہ حصہ اس ارض پاک پاکستان کا نہیں بلکہ کسی اور ملک کا حصہ ہے جس کی عوام کی طرف توجہ دینا خادم اعلیٰ پنجاب اور ممبر قومی وصوبائی اسمبلی گناہ کبیرہ سمجھتے ہیں۔ بی آربی کینال روڈ عقب ڈی ایچ اے فیز 7 سیکٹر U یہ روڈ نہ جانے کون سی طاغوتی طاقتیں تعمیر ہونے سے روک رہی ہیں۔ جن کے سامنے ہمارے ممبر صوبائی و قومی اسمبلی بالکل بے بس اور لاچار نظر آتے ہیں۔ خادم اعلیٰ پنجاب میٹرو اور اورنج ٹرین ضرور بنائیں لیکن کچھ توجہ ہماری گزارشات پر بھی دیں اور ہمیں اس دردناک عذاب سے نجات دلائیں۔ کیونکہ اس روڈ سے ٹرانسپورٹ کا گزرنا تو محال ہے ہی اب تو پیدل گزرنا بھی دشوار ہوتا جا رہا ہے۔ اس روڈ پر واقع مسجد ویران ہوچکی ہے کیونکہ مسجد تک پہنچنا ناممکن ہوچکا ہے۔ یہاں پر تو ابھی تک سیوریج سسٹم کا نظام بھی شروع نہیں کیا گیا ۔ اس جگہ کو دیکھ کر کلین لاہور اور لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے محض ایک دیوانے کا خواب ہی لگتا ہے۔ خدارا خادم اعلیٰ پنجاب اپنی مصروفیات سے چند لمحے نکال کر ہماری ان گزارشات پر توجہ دیں اور اس قدر ہمیں ذلیل و رسوا نہ کریں۔ (اہل علاقہ بی آر بی کینال روڈ عقب ڈی ایچ اے فیز 7 سیکٹر U لاہور)