مکرمی! ہمارے علاقے یونین کونسل 3مسلم کالونی جیاموسیٰ شاہدرہ میں بااثر گوالوں نے بھینسوں کے باڑے بنا رکھے ہیں جو کہ عدالت اور حکومت کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے اور وہاں پر خالی پلاٹ میں بھینسوں کا گوبر پھینک دیتے ہیں جس کی وجہ سے پورے علاقے میں مچھروں کی بہتات ہے اور آبادی کے لوگوں کو صحت کے شدید خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں سرفہرست ڈینگی کا خطرہ ہے۔ راوی ٹائون کے عملے کو بار بار درخواستیں دینے کا کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ جب ہم ان گوالوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ بھینسوں کو رہائشی علاقے سے باہر لے جائیں تو وہ غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہمارا آپ کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔ اپنی بھینسوں کا گوبر اور دیگر فضلہ جات وغیرہ آبادی سے دور پھینکنے کی بجائے رہائشی گھروں کے بالکل ساتھ خالی پلاٹ میں عرصہ دراز سے پھینکتے چلے آرہے ہیں ۔مسلسل گوبر پھینکنے کی وجہ سے گندگی اور گوبر کے پہاڑ بن چکے ہیں ۔بچے بوڑھے اور گھریلو خواتین بیماریوں کا شکار ہو رہی ہیں علاوہ ازیں کانگووائرس، چکن گونیا جیسی خطر ناک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے جلدی بیماریاں جنم لے رہی ہیں اوربااثر گوالوں کے ڈر سے کوئی بھی ان کے خلاف جانے کی کوشش نہیں کرتا لہذا ہم اہل محلہ اس صورت حال بہت پریشان ہیں۔وزیراعلیٰ اور ایڈمنسٹریشن راوی ٹائون سے گزارش ہے کہ برائے مہربانی محلّہ سے کوڑا کرکٹ گوبر اور بھینسوں کو اٹھائے جانے کا حکم صادر فرمایا جائے اور جگہ کو صاف ستھری کرنے کا حکم دیا جائے اور مچھر مار سپرے کرنے کا بھی حکم صادر فرمایا جائے۔(عتیق الرحمان و اہلیان علاقہ مسلم کالونی جیا موسیٰ شاہدرہ لاہور)
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024