گیس کی غیر قانونی ری فلنگ ۔ ایک قومی مسئلہ

ایڈیٹر  |  ڈاک ایڈیٹر

مکرمی ! وطن عزیز میں لاتعداد ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں جن سے انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔ ایک طرف دہشت گردی نے ملک بھر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہوا ہے جبکہ دوسری طرف ایسے واقعات میں انسانوں کو جان بوجھ کر موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے۔ ہمارے ملک میں جہاں بے شمار دھندے ہو رہے ہیں وہاں ایک گیس سلنڈر کی ری فلنگ کا بھی ہے جو دن کے اُجالے میں سرعام ہو رہی ہے لیکن اعلیٰ و ماتحت حکام سب کی آنکھیں بند دکھائی دیتی ہیں۔ جب تک کوئی حادثہ رونما نہیں ہوتا اس وقت تک کسی بھی سطح پر کوئی ایکشن نہیں ہوتا۔ پھر وہی معاملہ کچھ دن بعد ختم ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کاروبار میں کمی نہیں آ رہی۔ اب سردیوں کا موسم قریب ہے اور قوی امکان ہے کہ اس دھندہ میں مزید اضافہ ہو گا جس سے مزید انسانی نقصان کا احتمال ہے۔ لہٰذا میں محب وطن پاکستانی ہونے کی حیثیت سے اعلیٰ حکام سے امید کرتی ہوں کہ اس سنگین وقوع کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد از جلد عملی اقدامات ہوں گے۔ (بریرہ تبسم ۔ جنرل سیکرٹری بیا رائٹرز کلب رینالہ خورد اوکاڑہ)