گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس شاہدرہ

مکرمی! گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس شاہدرہ لاہور میں بی کام کلاسز کا اجرا تعلیمی سیشن 2006-07ء میں ہوا۔ یہ کالج ٹیوٹا کے زیراہتمام ہے۔ اس کالج نے 100 طالب علموں کے لئے پنجاب یونیورسٹی سے بی کام (آئی ٹی) کلاسز کے لئے الحاق کی منظوری کے لئے درخواست دی۔ پنجاب یونیورسٹی کی الحاق کمیٹی نے کالج کا دورہ کیا۔ دو شرائط کے تحت (اپنی بلڈنگ بنائیں‘ 500 کتب کا اضافہ کریں) الحاق کی منظوری دے دی۔ تین سال تک یعنی 2008-09 تک توسیعی الحاق جاری رہا۔ اب الحاق کمیٹی نے غیر ضروری اعتراضات لگا کر الحاق ختم کر دیا ہے۔ پرنسپل صاحب نے سات غیر ضروری اعتراضات کا تفصیل سے جواب دے دیا ہے۔ اصل صورتحال یہ ہے کہ پرائیویٹ ادارے جو کہ بھاری فیسیں لیتے ہیں گورنمنٹ کے اداروں کو چلنے نہیں دیتے۔ سلمان تاثیر چانسلر/ گورنر پنجاب اور شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی ہے کہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کو کہا جائے کہ اس ادارہ کا الحاق جاری رکھا جائے تاکہ اس علاقے کے غریب طالب علم مفت اور سستی تعلیم بی کام سے استفادہ کر سکیں۔(خدا بخش عاجز جنرل سیکرٹری 0322-4112105)