یہی ہے وقت اپنی قوم کی قسمت بدلنے کا

ایڈیٹر  |  مراسلات

مسز شہزاد اسلم ملک ڈیفنس لاہور
عوام الناس کا اب ہوش میں آنا ضروری ہے
گراں خوابی سے اب ان کا سنبھل جانا ضروری ہے
نہ فتنے اور نہ ہنگامے نہ دنگے اور نہ بلوے
تدبر سے تبدل عمل میں لانا ضروری ہے
بنایا کھیل بچوں کا سیاست اور حکومت کو
عمل اور فکر میں اب پختگی لانا ضروری ہے
ذرا دیکھو کہ ہے اس دور میں کیا ووٹ کی طاقت
یہ نکتہ ناسمجھ لوگوں کو سمجھانا ضروری ہے
نااہلوں بدقماشوں بے دماغوں اور عیاشوں کو
اسی طاقت سے راہ راست پر لانا ضروری ہے
جو حاکم ان سے مخلص ہی نہیں رتی برابر بھی
الیکشن میں اب ان کے برج الٹانا ضروری ہے
وڈیروں اور نوابوں پیروں خانوں اور ملکوں کی
غلامی چھوڑ کر اب خود کو منوانا ضروری ہے
میری دھرتی کی قسمت میں اندھیرے بھرنے والوں کا
حکومت کے ایوانوں سے نکل جانا ضروری ہے
اگر اب بھی نہ سنبھلے ہم تو پھر اللہ ہی حافظ ہے
کہ خود کردہ گناہوں کی سزا پانا ضروری ہے
یہی ہے وقت اپنی قوم کی قسمت بدلنے کا
یہ موقع کھو دیا ہم نے تو پچھتانا ضروری ہے